منگلورو:2/مئی (ایس اؤنیوز)کروپاڑی گرام پنچایت کے نائب صدر عبدالجلیل کروپاڑی کے قاتلوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور ان کے خاندان والوں کو مناسب معاوضہ کا انتظام کیا جائے گا، اس بات کا تیقن ریاستی وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے دیا۔
کروپاڑی کے سومڈکا میں عبدالجلیل کے گھر تعزیت کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے خاندان والوں سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی۔واپس لوٹنے کے دوران اخبارنویسوں کےسوالات کے جوابات دینے سے انہوں نے انکار کرتے ہوئے کہاکہ عبدالجلیل قتل معاملے کی پولس افسران اور پارٹی لیڈران سے تفصیلی جانکاری لینے کے بعد ہی وہ بات کرسکیں گے۔ کرناٹکا کیرلا ریاستوں کی سرحدی علاقہ کے دیہات کروپاڑی ، کنیان وغیرہ میں جرائم زیادہ ہونے کے سوال پر انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں پولس افسران سے بات کرکے جانکاری حاصل کریں گے ۔ اس موقع پر ضلع نگراں کاروزیر بی رماناتھ رائی ، رکن اسمبلی آئیون ڈیسوزا، ضلع پنچایت ممبر ایم ایس مسعود، ریاستی کاجو بورڈ صدر بی ایچ قادر، اقلیتی بورڈ صدر ایم اے غفور، سداشیو بنگیر، دیوکی، بے بی شٹی ، مغربی زون آئی جی پی ہری شیکھرن ، ضلع ایس پی بھوشن جی سمیت کئی لیڈران اور پولس افسران موجو د تھے۔
کارتیک راج کے گھر پر وزیر داخلہ پرمیشور: ساحلی ضلع دکشن کنڑا میں کئی ہنگاموں کا سبب بنے کارتیک راج قتل معاملہ کے سلجھنے اور ملزموں کی گرفتاری کے بعد بڑی کامیابی حاصل کرنے کی بات کہی جارہی ہے۔ اسی سلسلے کو لے کر منگلورو دورے پر تشریف لائے وزیرداخلہ ڈاکٹر جی ، پرمیشور نے کارتیک راج کے گھر پر ملاقات کرتے ہوئے ان کے والدین کو تسلی و تسکین دی۔ اس موقع پر کانگریس لیڈران آئیون ڈیسوزا، بنٹوال تعلقہ پنچایت صدر چندرہاس کرکیرے، اُلال بلاک کانگریس صدر سنتوش کمار شٹی، سیتارام شٹی ، عمر پجیرو وغیرہ موجود تھے۔
